وہاڑی واسا بورڈکا اجلاس، بجٹ و ٹیرف کی منظوری زیر غور

وہاڑی واسا بورڈکا اجلاس، بجٹ و ٹیرف کی منظوری زیر غور

ڈی سی کی زیر صدارت اجلا س ، کارکردگی، نئی آسامیوں ، بلنگ نظام پر اہم فیصلے

وہاڑی(خبر نگار، نمائندہ خصوصی )ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت واسا وہاڑی کے بورڈ آف مینجمنٹ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اہم انتظامی و مالی امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر مانیٹرنگ پنجاب واسا لاہور طاہر امین نے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ خرم شہزاد، ڈائریکٹر مانیٹرنگ اینڈ ویلیویشن پی اینڈ ڈی بورڈ انعم شہزاد اور سیکشن آفیسر فنانس ڈیپارٹمنٹ خاور چیمہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس میں واسا وہاڑی کا مالی سال 2025-26 کا آمدن و اخراجات پر مشتمل بجٹ منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ ادارے کی نئی آسامیوں، مشینری، گاڑیوں اور دیگر ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بورڈ نے فیصلہ کیا کہ واسا کے بلز صارفین سے رہائشی، کمرشل اور صنعتی ٹیرف کے مطابق وصول کیے جائیں گے تاکہ نظام کو بہتر اور مؤثر بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا وہاڑی شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے اور اس کی مزید بہتری کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ واسا کو متحرک انداز میں کام کرنا ہوگا تاکہ شہریوں کو واضح بہتری نظر آئے ۔اجلاس میں متعدد افسران نے شرکت کی اور ادارے کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں