وہاڑی میں سپیشل بچوں کیلئے کالج بنایا جائے ، ثاقب خورشید

وہاڑی میں سپیشل بچوں کیلئے کالج بنایا جائے ، ثاقب خورشید

سپیشل بچوں کا مستقبل بہتر، متاثرہ خاندانوں کو ریلیف ملے گا،اسمبلی میں بیان

وہاڑی(نمائندہ خصوصی)ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد ثاقب خورشید نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وہاڑی کے عوام کی بھرپور نمائندگی کرتے ہوئے ایک اہم مسئلے کی جانب حکومت کی توجہ مبذول کرائی ہے ۔انہوں نے سپیشل بچوں کی اعلیٰ تعلیم کے لیے درپیش مشکلات پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ وہاڑی میں اگرچہ سپیشل بچوں کے لیے ہائی سکول موجود ہے ، تاہم اس کے بعد اعلیٰ تعلیم کے مواقع نہ ہونے کے باعث ان بچوں کو بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے جو نہ صرف مشکل ہے بلکہ اکثر خاندانوں کے لیے ممکن بھی نہیں ہوتا۔ ثاقب خورشید نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہاڑی میں سپیشل بچوں کے لیے فوری طور پر کالج یا اعلیٰ تعلیمی ادارہ قائم کیا جائے تاکہ یہ بچے بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکیں اور معاشرے کا فعال حصہ بن سکیں، خصوصی بچوں کو سہولتیں فراہم کرنا صرف حکومتی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک مہذب معاشرے کی پہچان بھی ہے۔ ، اس اقدام سے نہ صرف سپیشل بچوں کا مستقبل بہتر ہوگا بلکہ متاثرہ خاندانوں کو بھی بڑا ریلیف ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں