جعلی پیر کا جنات نکالنے کے بہانے لڑکی پر تشدد
رحیم یارخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )جنات نکالنے کے بہانے جعلی پیر نے 17 سالہ لڑکی پر مبینہ طور پر تشدد کر دیا جس کے بعد اسے نیم بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔۔۔
۔تفصیل کے مطابق راجن پور خورد کے رہائشی منظور احمد نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا کہ اس نے اپنی نواسی سدرہ بی بی کے روحانی علاج کے لیے کینال پارک چک 11 پی کے رہائشی جعلی پیر سعید احمد کو گھر بلایا تھا۔شکایت کے مطابق ملزم نے لڑکی کو کمرے میں لے جا کر جنات نکالنے کے بہانے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئی اور اس کے جسم پر نیل پڑ گئے ۔ بعد ازاں وہ حالت بگڑنے پر نیم بے ہوش ہو گئی۔متاثرہ لڑکی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔پولیس نے نانا کی مدعیت میں جعلی پیر کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔