سرکاری سکول آئوٹ سورس کرنے کا تیسرا مرحلہ،20ہزار درخواستیں موصول
10ہزار سکول پہلے ہی نجی انتظام میں دیئے جاچکے ، نئے منصوبے کے تحت 2700سکول آؤٹ سورس کئے جائیں گے ، درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل شروع کردیا گیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب میں سرکاری سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کے تیسرے مرحلے میں ریکارڈ تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں، مجموعی طور پر 20 ہزار سے زائد درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس منصوبے کے تحت 2700 مزید سکولوں کو آؤٹ سورس کرنے کا عمل جاری ہے ، جبکہ پہلے دو مراحل میں تقریباً 10 ہزار سکول پہلے ہی نجی انتظام میں دیئے جا چکے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں کی سکروٹنی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تمام امیدواروں کی جانچ پڑتال جاری ہے ۔ کامیاب امیدواروں کو گرمیوں کی تعطیلات کے دوران سکولوں کا انتظام حوالے کیا جائے گا۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق اس مرحلے میں اب تک کی سب سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جو اس پروگرام میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔