جھنگ پولیس کا کرپشن و غفلت پر زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان
اجلاس میں متعلقہ افسروں کی شرکت ، سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساجد حسین کی زیرِ صدارت سکیورٹی برانچ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے سکیورٹی امور، پیشہ ورانہ کارکردگی اور نظم و ضبط کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں متعلقہ افسروں نے شرکت کی اور سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی پی او جھنگ نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہراتے ہوئے واضح کیا کہ بدعنوانی، غفلت یا نااہلی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ حقائق کو چھپانے ، رپورٹنگ میں تاخیر یا غلط معلومات کی فراہمی پر سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔
اجلاس کے دوران تمام افسروں کو ہدایت کی گئی کہ ہر واقعے کی فوری، درست اور بلا تاخیر رپورٹنگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ بروقت فیصلے ممکن ہوں۔ڈی پی او نے تھانہ جات میں ٹاؤٹ مافیا، منشیات فروشوں اور جوا مافیا کے خلاف سخت نگرانی اور بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جرائم کے خاتمے کے لیے فعال، مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی جائے ۔