انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو فوری ختم کیا جائے :ایف پی سی سی آئی
لاہور(کامرس رپورٹر سے ) ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب میں 0.9 فیصد عائد انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔ صوبے میں موجود 8 ڈرائی پورٹس غیر فعال ہو چکی ہیں۔ ان میں سے 3 ڈرائی پورٹس براہِ راست ریلوے ٹریک سے منسلک ہیں جنہیں فعال بنایا جائے۔۔۔
اگر انہیں فعال کر کے کلیئرنس کراچی کی بجائے پنجاب میں کی جائے تو کاروباری لاگت میں نمایاں کمی آ سکتی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز کاکہناہے کہ سندھ حکومت نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو 1.80 فیصد سے کم کر کے 0.85 فیصد کر دیا ہے جس پر شکر گزار ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے درخواست کی کہ اس سیس کو مکمل ختم کیا جائے ۔انہوں نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان حکومت سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ بھی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کو فوری ختم کریں۔