اربوں کے منصوبوں کی ڈیڈ لائن سر پر،ترقیاتی کام ادھورے
واہگہ، عزیز بھٹی اور علامہ اقبال زون میں تکمیل کیلئے 3دن باقی ، واٹر سپلائی ،سیوریج لائنوں،گلیوں کی تعمیر سست روی کاشکار
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو، اربوں روپے کے منصوبوں تکمیل کی ڈیڈ لائن سر پر آ گئی مگر کام اب بھی نامکمل ،36 ارب 54 کروڑ 70 لاکھ کے 118منصوبے 30 اپریل 2026 تک مکمل ہونا ہیں ،صرف 3دن باقی مگر متعدد ترقیاتی کام تاحال ادھورے ہیں۔شہری سہولیات کے بڑے منصوبہ کے آخری مرحلے میں سست روی پر سوالات اٹھنے لگے ۔دستاویزات کے مطابق لاہور میں جاری لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹوکی تکمیل کیلئے ڈیڈ لائن میں محض 3دن باقی رہ جانے کے باوجود متعدد کام ابھی تک نامکمل ہیں۔واہگہ زون ون اور ٹو، عزیز بھٹی زون اور علامہ اقبال زون میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے جاری ترقیاتی سرگرمیاں مکمل نہ ہو سکیں۔ واٹر سپلائی شعبے میں 295کلومیٹر کے ہدف میں سے 280 کلو میٹر لائنیں بچھائی جا چکی ہیں جبکہ 15کلومیٹر کا کام تاحال باقی ہے ۔ سیوریج کے 280کلومیٹر منصوبے میں سے 278 کلومیٹر مکمل ہو چکے ہیں اور 2 کلومیٹر پر کام جاری ہے ۔گلیوں کی تعمیر کے بھی مکمل اہداف حاصل نہ ہو سکے ۔ واسا کے تحت 1554 گلیوں میں سے 1537 مکمل کی جا سکیں 17 ابھی باقی ہیں جبکہ نان واسا گلیوں کے 646 منصوبوں میں سے 643 مکمل اور 3 تاحال زیر تکمیل ہیں۔ مجموعی طور پر 2200گلی منصوبوں میں سے2180مکمل ہو چکے ہیں تاہم 20 منصوبے اب بھی ادھورے ہیں۔ متعلقہ حکام کی جانب سے بروقت تکمیل کی یقین دہانیاں ضرور دی جا رہی ہیں مگر زمینی حقائق ان دعوؤں کی مکمل عکاسی نہیں کر رہے۔