ایف ڈی اے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم پر عمل کا حکم

 ایف ڈی اے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم پر عمل کا حکم

تمام شعبوں کے افسر اور سٹاف نظام پر مکمل دسترس حاصل کریں : آصف چودھری

فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چودھری نے ادارے کے دفتری نظام میں جدت لانے کے لیے حکومت پنجاب کے منصوبے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم پر سو فیصد عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام شعبوں کے افسران اور سٹاف اس نظام پر مکمل دسترس حاصل کرکے تیز رفتار سروس ڈیلیوری یقینی بنائیں۔انہوں نے ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دفتری خط و کتابت میں اس سسٹم کے مکمل نفاذ کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے اور کوتاہی کے مرتکب سٹاف سے جواب طلبی کی جائے ۔اس ضمن میں اے ڈی جی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہر شعبے کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ون افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز عبد اللہ نور، راجیل ظفر، افضال انصاری، محسن بشیر، شبیر ساجد گجر اور دیگر افسران موجود تھے ۔اجلاس میں ای فائلنگ آفس آٹو میشن سسٹم کے تحت اپ لوڈ کی جانے والی فائلوں، دستاویزات، رپورٹس اور دیگر ڈیٹا کی تفصیلات کا جائزہ لیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں