پٹرول، ڈیزل قیمتوں میں اضافے پر اہلحدیث رہنماؤں کی مذمت

پٹرول، ڈیزل قیمتوں میں اضافے پر اہلحدیث رہنماؤں کی مذمت

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اور بے تحاشہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا اور مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، جس کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسی قوم پر پیٹرول بم گرانے سے اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم پاکستان میں جس انداز سے اضافہ کیا گیا، وہ عوام کے لیے ناقابل برداشت بوجھ بن چکا ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی و گیس نرخوں میں مسلسل بڑھوتری اور ٹیکسز کی بھرمار نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ مزدور اور سفید پوش طبقہ بلوں کی ادائیگی کے بعد دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں