محرم الحرام سکیورٹی سے متعلق اجلاس، امن و امان پر اتفاق
جلوسوں کے روٹس اور قیامِ امن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک علماء بورڈ کے وفد نے ڈویژنل صدر پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری کی قیادت میں آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔وفد میں حافظ محمد یاسر قادری المدنی، مولانا بہادر علی رضوی، صوفی عبدالحمید جلالی، مولانا آصف ندیم چشتی، میاں فیاض قادری، مولانا اسلم سعید، مولانا یاسر مختار مدنی سمیت دیگر رہنما شامل تھے ۔ملاقات میں محرم الحرام کی تیاریوں، سکیورٹی انتظامات، جلوسوں کے روٹس اور قیامِ امن سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق امن و امان کے قیام، منشیات کے خاتمے اور جرائم کی روک تھام کے لیے فیصل آباد پولیس کی کاوشوں کو سراہا۔آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سنی تحریک نے ہمیشہ ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر امن و امان کے قیام میں مثبت کردار ادا کیا ہے جو قابلِ تحسین ہے ۔