پیغامِ امن کانفرنس، رواداری،بین المسالک ہم آہنگی پر زور
معرکہ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مسالک و مذاہب رواداری کونسل پاکستان کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان پیغامِ امن کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں امن، محبت، رواداری، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔مختلف مسالک و مذاہب سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، علما کرام، مشائخ عظام، دانشور حضرات اور سماجی رہنماؤں نے بھرپور شرکت کی۔مہمانِ خصوصی کے طور پر مرکزی چیئرمین مسالک و مذاہب رواداری کونسل پاکستان، ممبر ڈسٹرکٹ امن و مساجد کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر سید افتخار حسین نقوی اور ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی علامہ محمد ریاض کھرل نے خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کے ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور شہداء کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی قومی اتحاد کی بدولت نصرتِ خداوندی کا نتیجہ تھی۔کانفرنس میں مرکزی وائس چیئرمین پاسٹر ڈاکٹر آزر ناز، وائس چیئرمین قاری غلام اللہ، قاری تنویر طاہر راٹھور، صابر علی غوری، مفتی مظفر اقبال، خالد محمود اعظم آبادی، ڈسٹرکٹ چیئرمین رانا خالد علی، سٹی وائس چیئرمین خالد جاوید ساقی، مولانا عبدالرزاق عابد اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔کانفرنس کے اختتام پر مہمانانِ گرامی اور شرکاء میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔