فائر فائٹرز کا عالمی دن، ریسکیو 1122 کے زیراہتمام آگاہی واک

 فائر فائٹرز کا عالمی دن، ریسکیو 1122 کے زیراہتمام آگاہی واک

بہادر فائر فائٹرز کو خراجِ تحسین پیش ، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا

 فیصل آباد (سٹی رپورٹر) دنیا بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی 04 مئی کو فائر فائٹرز کا عالمی دن بھرپور جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ ریسکیو 1122 فیصل آباد کے زیر اہتمام آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ، سینئر ریسکیو افسران، لیڈ فائر ریسکیورز، فائر فائٹرز اور دیگر عملے نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ واک کے اختتام پر شہداء ریسکیو کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا کہ فائر فائٹرز کا عالمی دن ان بہادر افراد کی جرات، قربانی اور پیشہ ورانہ خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے جو ہر مشکل گھڑی میں اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دن نہ صرف فائر ریسکیورز کی خدمات کو اجاگر کرتا ہے بلکہ عوام میں آگ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انٹرنیشنل فائر فائٹرز ڈے ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ آتشزدگی جیسے حادثات کی روک تھام اور نقصانات میں کمی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ریسکیو 1122 کے جوان اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ خدمت اور لگن کے ساتھ عوام کی خدمت کا سلسلہ اسی طرح جاری رکھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں