چنیوٹ:بیوٹیفکیشن سکیموں پر کام تیز کرنے کی ہدایت
جاری منصوبوں کی رفتار فوری طور پر تیز کی جائے ۔ڈی سی چنیوٹ سستی پر بر ہم
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)عائشہ رضوان کی زیر صدارت شہر میں جاری بیوٹیفکیشن سکیموں پر عملدرآمد کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں واثق عباس ہرل، شائستہ جبین، محمد عارف اور نعمان زاہد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ختم نبوت چوک جھنگ روڈ تا بائی پاس بیوٹیفکیشن سکیم اور فرنیچر مارکیٹ بیوٹیفکیشن سکیم پر جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔افسروں نے بتایا مختلف مقامات پر تزئین و آرائش، صفائی ستھرائی اور انفراسٹرکچر کی بہتری کا کام جاری ہے تاہم بعض جگہوں پر رفتار سست ہے ۔اس پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام جاری منصوبوں کی رفتار فوری طور پر تیز کی جائے تاکہ انہیں مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا اور خوبصورت ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔