پنجاب:297مستقل وعارضی مویشی منڈیاں فعال

پنجاب:297مستقل  وعارضی  مویشی  منڈیاں  فعال

شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں 72ہزار چھوٹے جانور پہنچ گئے ، الائیڈ محکموں کے کیمپ 24 گھنٹے فعال،خریداروں ،بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی:ڈی سی شاہ پور کانجراں منڈی کا ٹھیکہ خسارے کا شکار ،62کروڑ کم بولی پر ٹھیکہ قریشی برادرز فرم کے حوالے کرنے کا انکشاف،کنٹریکٹر زکی اجارہ داری ختم کی گئی:بلال ہاشم

لاہور (عمران اکبر) عید سے قبل پنجاب بھر میں 297 مستقل و عارضی مویشی منڈیاں فعال کر دی گئیں۔ لاہور کی شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں 72ہزار جانور پہنچ گئے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 114 مویشی منڈیوں کی نیلامی کا معاملہ ،شاہ پور کانجراں منڈی کا کنٹریکٹ 2026/27 خسارے کا شکار، 62 کروڑ کم بولی پر ٹھیکہ قریشی برادرز فرم کے حوالے کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کی جانب سے صوبہ بھر میں 114 مستقل اور لوکل گورنمنٹس نے 183 عارضی مویشی منڈیاں فعال کر دی ہیں۔ صرف لاہور میں 5 عارضی مویشی منڈیاں اور شاہ پور کانجراں مستقل مویشی منڈی فعال کر دی گئی۔ ماڈل مویشی منڈی لاہور مستقل بنیاد پر جانوروں کی خرید و فروخت کیلئے فعال رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ کیا۔ شاہ پور کانجراں مویشی منڈی میں 16 ہزار بڑے اور 56 ہزار چھوٹے جانور پہنچ چکے ہیں۔ تمام الائیڈ محکموں کے کیمپس 24 گھنٹے فعال ہیں۔خریداروں اور بیوپاریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہیں، خریداروں کا کہنا تھا کہ جانوروں کی قیمتیں بہت زیادہ ہے ،جیسے ہی عید کے دن قریب آئیں گے، قیمتیں کم ہو جائیں گی۔

عید کے لیے قربانی کا جانور لے کر جائیں گے ،لاہور میں عیدالاضحی کیلئے 5 عارضی سیل پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔ سگیاں 25 ایکڑ، سپورٹس کمپلیکس واہگہ 50 ایکڑ، برکی روڈ 20 ایکڑ، ایل ڈی اے سٹی 65 ایکڑ اور رائیونڈ 25 ایکڑ پر مشتمل ہیں۔ پی سی ایم ڈی سی کے مطابق ان پوائنٹس پر ٹینٹ، بیت الخلا، لائٹنگ، صاف پانی کی فراہمی مفت دی جا رہی ہے ۔دریں اثنا شاہ پور کانجراں منڈی کا ٹھیکہ  ایک ارب 78 کروڑ 1لاکھ میں دے دیا گیا ،شاہ پور کانجراں منڈی کا 2025/26 میں 2 ارب 40کروڑ میں نیلام کی گئی ،شاہ پور کانجراں مویشی منڈی کی ریزرو پرائس 1ارب 75 کروڑ رکھی گئی، شاہ پور کانجراں منڈی کے کنٹریکٹ میں فی جانورفیس 17سو روپے بمعہ الائیڈ سہولتیں موجود ہیں۔ شیخوپورہ مویشی منڈی کا ٹھیکہ ایک کروڑ خسارے کے ساتھ 38 کروڑ 99 لاکھ میں کیا گیا ،شیخوپورہ مویشی منڈی کا کنٹریکٹ 2025/26 40کروڑ میں کرایا گیا ،پتوکی مویشی منڈی 82لاکھ میں نیلام کی گئی ،ننکانہ منڈی 1کروڑ 88لاکھ روپے میں نیلام کی گئی ،چیف ایگزیکٹو پنجاب کیٹل کمپنی بلال ہاشم کا کہنا ہے کہ پچھلے سال کنٹریکٹرز نے جان بوجھ کر مہنگی منڈیاں لیں اور بیوپاریوں کو لوٹنا شروع کر دیا ،کنٹریکٹرز کی اجارہ داری ختم کی گئی ہے ،ڈیجیٹل پرچی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں