ناقص اشیا خورونوش تیار کرنے والے 6 یونٹس بند

ناقص اشیا خورونوش تیار کرنے والے 6 یونٹس بند

84ہزار کلو ناقص مکھن، 28ہزار کلو مربہ اچار ، 2600 کلو دیسی گھی تلف

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے )ڈی جی فوڈ اتھارٹی سیدموسیٰ رضا نے ٹیموں کے ہمراہ خوردپور، سگیاں، جیل روڈ، ساندہ روڈ اور پیر غازی روڈ پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 7یونٹس کی چیکنگ کی اور ناقص اشیا خورونوش تیار کرنے والے 6 یونٹس بند کردیئے جبکہ84ہزار کلو ناقص مکھن، 28ہزار کلو مربہ اچار ، 2600 کلو دیسی گھی تلف کردیا۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ معروف یونٹ میں بغیر ٹیگنگ ناقص مکھن اور دیسی گھی سٹاک کیا گیا تھا، گلی سڑی گاجریں، مولی اور شلجم ڈرموں میں رکھے پائے گئے ، بغیر ڈھانپے اچار مربہ کے لیے رکھے گئے پھل سبزیوں پر فنگس اور کیڑوں کی بھرمار پائی گئی، ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت لازم ریکارڈ عدم موجود پایا گیا، پروڈکشن ایریا کے فرش پر پانی، زمین پر خام مال رکھا پایا گیا، قوانین کے خلاف اچار مربہ بغیر ڈھانپے رکھا گیا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے مطابق وزیر اعلیٰ کے حکم پر جعلساز مافیا کو پنجاب میں خوراک کا کاروبار کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خوراک کا کاروبار کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین پر عملدرآمد انتہائی لازم ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں