10ارب کے منصوبے بروقت مکمل کرنے کی ہدایت
کلفٹن میں سڑکوں کی بحالی، ملیر کورٹ تا لانڈھی متبادل کوریڈور کا بھی فیصلہوزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں دیگر منصوبوں پر بھی غور
کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں 10 ارب روپے سے زائد مالیت کے 10 بڑے انفرااسٹرکچر اور سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، جو بلدیاتی حکومت کے محکمہ کے تحت کے ڈی اے کے ذریعے شہر میں ٹریفک کی روانی، رابطوں، نکاسی آب اور سڑکوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لیے جاری ہیں۔وزیراعلی ہاؤس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ، تعمیراتی معیار برقرار رکھا جائے ۔مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور ٹریفک کے دبا ؤکے باعث مربوط منصوبہ بندی اور ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد ناگزیر ہے ۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی رابطہ مضبوط بنائیں تاکہ منصوبے مقررہ مدت میں اور معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر مکمل کیے جاسکیں۔اجلاس میں نارتھ کراچی کی پاور ہاؤس چورنگی پر 2.5 ارب روپے کی لاگت سے مجوزہ فلائی اوور کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 2.377 ارب روپے کی لاگت سے فور کے چورنگی فلائی اوور ،کلفٹن بلاکس ایک تا پانچ کو میرین ڈرائیو روڈ سے ملانے والی سڑکوں کی بحالی کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کورنگی ڈھائی سے کورنگی کریک ایئربیس تک مہر النسا اسپتال روڈ کی 66 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر نو کا بھی جائزہ لیا گیا۔