زکریا یونیورسٹی:موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں پر طلبہ کا احتجاج،شاہراہ بلاک

زکریا یونیورسٹی:موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں پر طلبہ کا احتجاج،شاہراہ بلاک

نان پروفیشنل ، ناتجربہ کار سکیورٹی افسروں کی تعیناتی سے مشکوک افراد کی نگرانی ناممکن، طلبہ کی زندگیاں داؤ پر لگادی گئیں، پیشہ ور افراد تعینات کئے جائیں،طلبہ کا مطالبہ

ملتان(خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی میں موٹر سائیکل چوریوں میں خطرناک اضافہ، طلبہ کا حتجاج، مرکزی گیٹ بند، ٹریفک جام تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران موٹر سائیکلوں کی چوریوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس پر طلبہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے گزشتہ روز طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے یونیورسٹی کا مرکزی گیٹ بند کر دیا اور قریبی شاہراہ پر ٹریفک بلاک کر دی، جس سے علاقے میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔احتجاج کرنے والے طلبہ کا کہنا تھا کہ نان پروفیشنل اور ناتجربہ کار سکیورٹی افسروں کی تعیناتی کی وجہ سے کیمپس میں داخل ہونے والے افراد کی نگرانی ناممکن ہو گئی ہے ۔ طلبہ کے مطابق یہ غیر پیشہ ور سکیورٹی اہلکار نہ صرف وارداتوں کو روکنے میں ناکام ہیں بلکہ ان کی لاپرواہی سے کیمپس میں موجود افراد کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دی گئی ہیں ۔

احتجاج کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے مرکزی گیٹ کھلوانے اور ٹریفک بحال کرنے کیلئے طلبہ نمائندگان سے مذاکرات شروع کر دیئے ، لیکن طلبہ نے سکیورٹی نظام میں فوری اصلاحات ا اور موٹرسائیکلوں کی برآمدگی کا مطالبہ کیا جس پر انتظامیہ نے ان کی جلد دادرسی کی یقینی دہانی کرائی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی کے اندر ہی ایک ایسا تجربہ کار پیشہ ور سکیورٹی افسر بھی موجود ہے جسے انتظامیہ نے نظر انداز کر رکھا ہے ۔ خلیل احمد کھور نے سکیورٹی سسٹم کو کافی اپ گریڈ کیاتھا وہ پولیس کی سپیشل برانچ سے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر اللہ لیکر آئے تھے خلیل احمد کھور نے اپنے دور میں متعدد بار چوریوں کی وارداتوں کو ناکام بنا یا اور مسروقہ موٹر سائیکلیں بھی برآمد کروائی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خلیل احمد کھور نے ہی یونیورسٹی انتظامیہ کو سیف پارکنگ کا مؤثر آئیڈیا بھی فراہم کیا تھا، جس پر عمل درآمد کیا گیا تو موٹر سائیکل چوریوں پر قابو بھی پالیا گیا تھا مگر اب اس آئیڈئے کو بھی ختم کردیا گیا ہے اور انتظامیہ نے خلیل احمد کھور کو عملاً \\\"کھڈے لائن\\\" لگا کر بے کار بٹھا دیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں