غلط بات کو نہ ماننا ، حق پر ڈٹ جانا بہترین عمل : آر پی او

غلط بات کو نہ ماننا ، حق پر ڈٹ جانا بہترین عمل : آر پی او

معرکہ حق کے دوران ملت کے ہر فرد نے حصہ ڈالا:یوم تشکر سے خطاب

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر )حق کیلئے اور جھوٹ کے سامنے ڈٹ جانا اور جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قیمتی جان کی بھی پرواہ نہ کرنا ہماری افواج، سول اداروں اور قوم کا طرہ امتیاز ہے جس کا عملی مظاہرہ معرکہ حق بنیان مرصوص میں نہ صرف پوری قوم بلکہ ساری دنیا نے دیکھا۔ ان خیالات کا اظہار مہمان خصوصی ریجنل پولیس آفیسر خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے زیر اہتمام معرکہ حق یوم تشکر کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانوالہ شہزاد رفیق پرنسپل محمد سلمان، ڈین یونیورسٹی کیمپس شاہد سلیم خواجہ، ہیڈ بی ایس پروگرام شمیم اختر اساتذہ طلبہ کی کثیر تعداد کے علاوہ دیگر پولیس افسر بھی موجود تھے ۔ تقریب میں طلبہ کا جذبہ دیدنی تھا ، طلبہ نے تقاریر ، خاکوں اور ملی نغموں کے ذریعے حاضرین کے دل موہ لئے ۔ خرم شہزاد حیدر وڑائچ نے مزید کہا کہ غلط بات کو نہ ماننا اور اس کے آگے کھڑا ہونا سب سے بہترین عمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص کے دوران ملت کے ہر فرد نے حصہ ڈالا۔شہزاد رفیق نے کہا کہ معرکہ حق بنیان مرصوص نے پاکستانی قوم کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ۔ خرم شہزاد وڑائچ کو یادگاری شیلڈ اور سوینیر بھی دیا گیا ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں