انجمن پٹواریاں کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل، نظام متاثر
مطالبات منظور نہ ہونے تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی، پٹواری رہنما
وہاڑی(نمائندہ خصوصی) پنجاب بھر کی طرح وہاڑی میں بھی انجمن پٹواریان کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ہوگئی جس کے باعث ریونیو کا نظام مکمل طور پر متاثر ہوگیا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق انجمن پٹواریان وہاڑی کے صدر چوہدری خالد محمود ارائیں اور جنرل سیکرٹری عامر حسین چوہان کی قیادت میں ہنگامی پریس کانفرنس کی گئی جس میں سکیل اپ گریڈیشن، ریکارڈ روم کے لیے سرکاری عمارت کی فراہمی اور فیلڈ ورک کیلئے موٹر سائیکلوں کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات پیش کئے گئے ۔رہنماؤں نے کہا کہ پٹواری ریونیو نظام کی بنیادی اکائی ہیں مگر انہیں بنیادی سہولیات میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم سرکاری ریکارڈ غیر محفوظ حالت میں رکھا جاتا ہے جبکہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران سفری سہولت نہ ہونے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ہڑتال کے باعث فرد، انتقال، رجسٹری اور دیگر ریونیو امور معطل ہیں جس پر شہری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور ہیں۔ پٹواری رہنماؤں نے واضح کیا کہ مطالبات کی منظوری تک قلم چھوڑ ہڑتال جاری رہے گی۔