سرجانی ٹاؤن :غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن
پہلے روز 25 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی واگزار، مختلف بکنگ آفسزبھی شامل شرپسند عناصر کی جانب سے شدید مزاحمت ، مظاہرین کا پتھراؤ اور شدید فائرنگ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے ادارہ ترقیات کراچی کے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر10 اور 13 میں 100 ایکٹر سے زائد سرکاری اراضی پر غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ، آپریشن کے پہلے روز 25 ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی گئی جن میں کچے اور پکے اسٹرکچر کے علاوہ مختلف بُکنگ آفسز شامل ہیں۔ اس تمام آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ شکیل احمد خان کر رہے ہیں۔آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی، مظاہرین نے پتھراؤ اور شدید فائرنگ کی، جس کے باعث محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کے عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے آپریشن جاری رکھا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ قبضہ مافیا اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی صورت کے ڈی اے کی اراضی پر غیر قانونی قبضے یا تجاوزات قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ چند روز قبل وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت تجاوزات کے خاتمے سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا۔