ضلع وہاڑی میں 1 لاکھ 45 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف
ڈی سی کی کھاد و بیج کی دستیابی اور کاشتکاروں کی رہنمائی یقینی بنانے کی ہدایت
وہاڑی(خبر نگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت کپاس کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں کپاس ٹارگٹ 2026، کپاس اگاؤ مہم، بیج کی دستیابی، کاشت، رجسٹریشن اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں یوریا اور ڈی اے پی کھادوں کی دستیابی، قیمتوں اور نہری پانی کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو معیاری بیج اور کھاد کی بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کپاس قومی معیشت کی اہم فصل ہے اور ضلع وہاڑی میں ایک لاکھ 45 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے محکمہ زراعت کو ہدایت کی کہ نمبرداران کے ساتھ آگاہی کنونشنز منعقد کئے جائیں اور کسانوں کو کپاس کی بوائی کے حوالے سے مکمل رہنمائی فراہم کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں متحرک رہیں جبکہ مانیٹرنگ اسکواڈ کاشتکاروں کی مؤثر رہنمائی یقینی بنائے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان، اسسٹنٹ کمشنر انعم اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا محمد عارف سمیت دیگر افسران موجود تھے ۔