کپاس کاشت کے اہداف، انتظامیہ متحرک
ملتان ڈویژن میں 7لاکھ 74ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا، محکمہ زراعت عملہ کسانوں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں موجود، سفید مکھی، سبز تیلہ،تھرپس پر نظر رکھنے کی ہدایتپیسٹ سکاؤٹنگ، سرویلنس کے عمل میں تیزی لائی جائے ، کپاس کاشت کا 65فیصد ہدف حاصل کرلیا، کسانوں کے مسائل ترجیحاََ حل کئے جائینگے ، کمشنر ملتان عامر کریم خان
ملتان (وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت کپاس کی کاشت اور موجودہ صورتحال کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کپاس کی فصل کے اہداف، زرعی سرگرمیوں اور کسانوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے ملتان ڈویژن کو 7 لاکھ 74 ہزار ایکڑ پر کپاس کاشت کا ہدف دیا گیا ہے جس کے حصول کیلئے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ سٹاف کسانوں کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور کاشتکاروں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ سفید مکھی، سبز تیلہ، تھرپس اور جڑی بوٹیوں پر خصوصی نظر رکھی جائے جبکہ پیسٹ سکاؤٹنگ اور سرویلنس کے عمل میں مزید تیزی لاتے ہوئے ضرر رساں کیڑوں کے حملوں کو بروقت کنٹرول کیا جائے ۔ کمشنر نے کہا کہ ڈویژن میں کپاس کی فصل کیلئے وافر پانی مہیا کیا گیا ہے اور کسان کی روزی روٹی زمین سے جڑی ہے ، اس کی داد رسی ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کو ریلیف دینے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے ۔اجلاس کو ڈائریکٹر زراعت شہزاد صابر نے کپاس کی فصل بارے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن بھر میں کپاس کاشت کا ہدف 7 لاکھ 75 ہزار ایکڑ مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 65.21 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان ڈویژن میں 5 لاکھ 5 ہزار 400 ایکڑ رقبے پر کپاس کاشت مکمل ہوچکی ہے جبکہ 30 مئی تک کپاس کاشت کا مکمل ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔