ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کیلئے خصوصی انٹرن شپ
ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار جبکہ پیراویٹس کو 40 ہزار وظیفہ ملے گا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت حکومتِ پنجاب نے ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کیلئے خصوصی انٹرن شپ پروگرام 2026-27 کا آغاز کر دیا ہے ۔ پنجاب بھر کی طرح فیصل آباد ڈویژن میں بھی اس پروگرام کے تحت اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے مطابق ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے جبکہ پیراویٹس کو 40 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عملی میدان میں تجربہ فراہم کرنا، جدید ویٹرنری و لائیوسٹاک مہارتوں سے آراستہ کرنا، روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور لائیوسٹاک سیکٹر میں جدید فارمنگ سسٹمز کو فروغ دینا ہے ۔مالی سال 2026-27 کے دوران صوبہ بھر میں 264 ویٹرنری گریجویٹس اور 371 پیراویٹس کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ، جبکہ فیصل آباد ڈویژن کیلئے 27 ویٹرنری گریجویٹس اور 32 پیراویٹس کی آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے عملی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور لائیوسٹاک سیکٹر کی بہتری کی جانب ایک اہم اقدام ثابت ہوگا۔درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے ۔ اہل امیدوار اپنی درخواستیںآن لائن جمع کروا سکتے ہیں۔