صفائی میں غفلت،افسر معطل، ستھرا پنجاب آپریشن تیز
عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں کا د ورہ کیا ،سٹاف کی حاضری دیکھی
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)عابد حسین بھٹی نے شہر کے مختلف علاقوں ڈی ٹائپ کالونی، وارث پورہ، علامہ اقبال کالونی اور کچہری بازار کا دورہ کرتے ہوئے صفائی ستھرائی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران انہوں نے فیلڈ سٹاف کی حاضری، ویسٹ کلیکشن، گلیوں اور بازاروں میں جاری صفائی آپریشن اور مشینری کی کارکردگی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ منیجر، تحصیل منیجر اور دیگر افسر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی نے مختلف علاقوں میں ناقص صفائی انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مانیٹرنگ سٹاف اور اسسٹنٹ منیجر کو فوری معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ۔بعدازاں انہوں نے مختلف مقامات پر شہریوں اور دکانداروں سے ملاقات کی اور صفائی کے انتظامات سے متعلق دریافت کیا جبکہ عوامی مسائل اور تجاویز بھی سنیں۔مریم نواز شریف کے ویژن کا حوالہ دیتے ہوئے عابد حسین بھٹی نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور صفائی کے معیار پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی آپریشن کو مزید مؤثر، منظم اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے ۔