پٹرول مہنگا ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ

پٹرول مہنگا ادویات کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ

ڈسٹری بیوٹرز کی لینڈنگ کاسٹ میں بھی مزید بیس فیصد تک اضافہ کا امکان ،انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ صوبائی و ڈویژنل حکام کو ارسال کر دی گئی

سرگودھا(نعیم فیصل)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ جہاں تمام شعبوں پر بری طرح اثر انداز ہوا ہے وہاں اس صورتحال کے اثرات ادویات کی سپلائی چین، لاجسٹک اخراجات اور ریٹیل قیمتوں پر بھی مرتب ہو رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق اس وقت ضلع سرگودھا میں 804میڈیکل سٹورز ، فارمیسز فعال ہیں جہاں ادویات کی سپلائی بنیادی طور پر کراچی، لاہور، شیخوپورہ اور پشاور میں قائم فارماسیوٹیکل کمپنیوں اور ڈسٹری بیوشن مراکز سے کی جاتی ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مختلف لاجسٹک کمپنیوں نے ‘‘ فریٹ’’ کاسٹ میں فوری طور پر پندرہ سے بیس فیصد اضافہ کر دیا ہے جس کے باعث ڈسٹری بیوٹرز کی لینڈنگ کاسٹ میں بھی مزید بیس فیصد تک اضافہ کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں ،انٹیلی جنس ادارے کی رپورٹ جو کہ گزشتہ روز صوبائی و ڈویژنل حکام کو ارسال کی گئی ہے اس کے مطابق بعض ڈسٹری بیوٹرز نے فیول اخراجات کم کرنے کیلئے دوردراز اور چھوٹے دیہی علاقوں میں ادویات کی ترسیل کے شیڈول میں تبدیلی یا سپلائی میں عارضی کمی کر دی ہے ، اور اس ساری صورتحال میں جہاں ادویات کی قیمتوں میں قدرتی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے وہاں مصنوعی قلت پیدا کر کے عام استعمال ہونیوالی ادویات کی قیمتوں میں تین ،تین گنا تک اضافہ کے ساتھ فروخت کی جانے لگی ہیں ،اسی طرح انسولین، و دیگر بائیولوجیکل اورحساس ادویات جن کیلئے چوبیس گھنٹے کولڈ چین برقرار رکھناضروری ہے کی ترسیل اور سٹوریج کے اخراجات میں بھی من مانا اضافہ کر دیاگیا ہے ،بالخصوص بچوں کے سیرپ، لیکوڈبیس سسپنشنزکی ٹرانسپورٹیشن پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، اس کے علاوہ مارکیٹ میں غیر معیاری یا سب سٹینڈرڈ ادویات کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اور اس حوالے سے لوٹ مار کا الگ سے بازار گرم ہے ،موجودہ مجموعی صورتحال میں چند ایک ادویات کے علاوہ دیگر ادویات کی سپلائی چین تو ابھی برقرار ہے تاہم ان کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ ،ترسیل میں تاخیر باعث تشویش بنتی جا رہی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں