مجالس کے روٹس پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت
مجالس کے روٹس پر ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کی ہدایت ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو کم سے کم مشکلات پیش آنی چاہئیں،ڈپٹی کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے واسا اور لوکل گورنمنٹ کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس پر جاری تمام ترقیاتی منصوبے محرم الحرام سے قبل ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں سیوریج لائنیں یا دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں وہاں کام مکمل ہونے کے فوری بعد سڑکوں اور گلیوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ یہ احکامات انہوں نے واسا اور لوکل گورنمنٹ کے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے ۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر کے مختلف مقامات پر سیوریج کے 20 سے زائد منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ سلانوالی روڈ اور جناح کالونی ڈسپوزل سمیت دیگر ڈسپوزل اسٹیشنز پر پیش رفت بھی تسلی بخش ہے ۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شہر کے تین مختلف مقامات پر بارشی پانی ذخیرہ کرنے کے لیے تعمیر کیے جانے والے ٹینکس کا 71 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر معیار اور رفتار دونوں کو یقینی بنایا جائے اور جہاں بھی ترقیاتی کام جاری ہوں وہاں حفاظتی اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت اولین ترجیح ہے ، اس لیے ترقیاتی کاموں کے باعث عوام کو کم سے کم مشکلات پیش آنی چاہئیں۔،اجلاس کو بتایا گیا کہ سٹی روڈ سے بجلی کی تاریں اور پول ہٹائے جا چکے ہیں جبکہ متعدد ٹرانسفارمرز کو انڈر گراؤنڈ منتقل کرنے کا کام جاری ہے ۔ کچہری بازار میں بھی بیوٹیفکیشن کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ دو ہفتوں میں اہم مراحل مکمل کر لیے جائیں گے ۔