پیرمحل:بھسی جنگل میں آتشزدگی ، کروڑوں کانقصان
150ایکڑ رقبہ میں کروڑوں روپے کی لکڑی جل کر خاکستر ہوگئی
پیرمحل،کمالیہ (نمائندگان دنیا )بھسی جنگل میں آ گ لگ لگنے سے 150ایکڑ رقبہ میں کروڑوں روپے کی لکڑی جل کر خاکستر ہوگئی ۔ بھسی جنگل بلاک نمبر 5 اور 6 چک 728 گ ب اور 741 گ ب میں آگ نے بڑے پیمانے پر جنگل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ جنگل میں نامعلوم وجوہات پر آگ بھڑک اٹھی۔ تیز ہوا کے باعث آگ جنگل کے مختلف حصوں میں پھیل گئی اور بلاک نمبر 4 اور بیٹ نمبر 5-L کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے وسیع جنگلاتی رقبہ متاثر ہوا۔
آگ پر قابو پانے کے لیے ریسکیو 1122، محکمہ جنگلات اور مقامی رضاکاروں نے مشترکہ آپریشن شروع کر دیا۔ آخر ی اطلاعات تک فائر فائٹرز مسلسل امدادی کاموں میں مصروف تھے تاکہ آگ کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے ۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تین مختلف مقامات سے آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ امدادی کارروائیوں کو موثر بنانے کیلئے میونسپل کمیٹی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سے اضافی فائر وہیکلز بھی موقع پر پہنچ چکی ہیں۔فاریسٹ آفیسر کے مطابق ابتک تقریبا 150 ایکڑ جنگلاتی رقبہ آگ سے متاثر ہو چکا ہے ۔