نیو سبز منڈی ، اطراف میں اخلاق باختہ سرگرمیاں، پولیس خاموش
پیشہ ور عورتیں بھکاریوں کے روپ میں گھوم پھر کر نوجوانوں کو بگاڑنے لگیں
پینسرہ (نمائندہ دنیا)نیو سبز منڈی اور اسکے گرد و نواح، خصوصاً بڑا بائی پاس، چھوٹا بائی پاس، رنگ روڈ، اٹک موڑ اور اٹک پمپ کے قریب برائی کے اڈوں کے قیام نے شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ان مقامات پر عرصہ سے مشکوک سرگرمیاں جاری ہیں مگر شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ نیو سبز منڈی اور اسکے اطراف پیشہ ور عورتیں بھکاریوں کے روپ میں گھومتی پھرتی نظر آتی ہیں جو بظاہر بھیک مانگنے میں مصروف ہوتی ہیں مگر مبینہ طور پر نوجوانوں کو اخلاق باختہ اشاروں کے ذریعے اپنی جانب راغب کرتی ہیں، جس سے معاشرتی بگاڑ میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
ان سرگرمیوں کے باعث علاقے کا ماحول متاثر ہو رہا ہے اور والدین میں بھی تشویش پائی جاتی ہے ۔علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ تھانہ ایئرپورٹ کی پولیس اس تمام صورتحال سے آگاہ ہونے کے باوجود عملی طور پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔بارہا شکایات کے باوجود کوئی ٹھوس کارروائی نہ ہونا افسوسناک ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان برائی کے اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے ، پیشہ ور بھکاریوں کے روپ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور علاقے میں امن و امان اور اخلاقی ماحول کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو منفی اثرات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔