بیہودہ ڈانس کی ویڈیو وائرل ،خاتون سمیت 2افرا دگرفتار
نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر چھوٹا ڈان اور زوہا الیاس نے ویڈیو بنائی تھی
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ فیروز والا کے علاقہ میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر بیہودہ ڈانس کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والے خاتون سمیت دو ٹک ٹاکرز کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ فرار دو ملزموں کی تلاش جاری ہے ۔پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر ڈانس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم طاہر صدیق عرف چھوٹا ڈان اور خاتون ٹک ٹاکر زوہا الیاس کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے ساتھی کاشف شاہ اور خدیجہ فرار ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملزم طاہر صدیق گرفتاری سے بچنے کیلئے اپنا حلیہ تبدیل کرکے روپوش ہو گیا تھا، تاہم جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کی مدد سے ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا ،ملزمان کے دیگر دو ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ غیر ذمہ دارانہ سوشل میڈیا سرگرمیوں، عوامی مقامات پر قانون شکنی اور غیر اخلاقی حرکات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔