گیپکو کی نجکاری کا عمل شروع: ملازمین کا کل سے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان

گیپکو کی نجکاری کا عمل شروع: ملازمین کا کل سے کام چھوڑ ہڑتال کا اعلان

گوجرانوالہ اور گجرات ڈویژن کے 7اضلاع میں کھربوں روپے کی 122پراپر ٹیز ،پرائیویٹائزیشن کمیشن نے سرمایہ کاروں کو بولی لگانے کیلئے 6 اگست کو طلب کرلیا

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)کھربوں روپے مالیت کے گیپکو کی نجکاری کا عمل شروع،مالیاتی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں سے ٹینڈرز طلب کر لئے گئے ۔گیپکو کی گوجرانوالہ ڈویژن ،گجرات ڈویژن کے 7 اضلاع میں 122 قیمتی پراپرٹیز ہیں جن میں گیپکو کے دفاتر ،گرڈسٹیشن اور دیگرسٹورز بنا رکھے ہیں، گیپکو کے اثاثوں کی مالیت کھربوں روپے ہے ،پرائیویٹائزیشن کمیشن نے سرمایہ کاروں کو گیپکو کے 51 فیصد حصص خریدنے کیلئے 6 اگست کو حصہ لینے کیلئے پیشکش کردی، گیپکو کی ممکنہ نجکاری کا عمل شروع ہوتے ہی واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کے ریجنل چیئرمین ولی الرحمن خان نے کل 2 جون کو احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ لیبر یونین کے پلیٹ فارم پر گیپکو کے 13 ہزار ملازمین منگل کو کام چھوڑ ہڑتال کریں گے اور تمام دفاتر میں تا لا بندی کریں گے ، پرائیویٹائزیشن کمیشن نے سرمایہ کاروں کو بولی لگانے کیلئے 6 اگست کو طلب کرلیا، گیپکو کے گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات،حافظ آباد، وزیرآباد، منڈی بہائوالدین ، نارووال میں 51 لاکھ صارفین ہیں اور 60گرڈسٹیشن بھی ہیں جبکہ 1100کے قریب بجلی ترسیل کرنے والے فیڈرز ہیں، بڑے پیمانے پر اثاثے اور منافع بخش کمپنی کی نجکاری سے نہ صرف افسر و ملازمین پریشان ہوگئے بلکہ صارفین میں بھی تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں