صفائی کے دعوے بے نقاب، یوسی 144 میں آلائشوں کے ڈھیر

 صفائی کے دعوے بے نقاب، یوسی 144 میں آلائشوں کے ڈھیر

ایک ماہ سے عملہ غائب، شہریوں کا احتجاج، ڈپٹی کمشنر ، اے سی صدر سے نوٹس لینے کا مطالبہ

پینسرہ (نمائندہ دنیا)ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود یونین کونسل 144 کے علاقوں چک نمبر 245 ر ب، عباس پور، حسین آباد اور سید والا میں صفائی کی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے ۔ مقامی شہریوں کے مطابق گزشتہ تقریباً ایک ماہ سے عملہ صفائی علاقے میں نہیں آیا جس کے باعث گلی محلوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں میں کچرے اور قربانی کی آلائشوں کے ڈھیر جمع ہو گئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ قبل ازیں عملہ صفائی کم از کم ہفتہ وار بنیادوں پر گاؤں کا چکر لگا کر صفائی کے فرائض انجام دیتا تھا تاہم گزشتہ ایک ماہ سے صفائی کا نظام مکمل طور پر مفلوج ہو چکا ہے ۔

نکاسی آب کے مسائل بھی سنگین صورت اختیار کر گئے ہیں جبکہ کچرے کے ڈھیروں سے تعفن پھیل رہا ہے ۔ موسمی تبدیلیوں اور حالیہ آندھیوں کے باعث گلیوں اور بازاروں میں مزید گندگی جمع ہو گئی ہے ،جبکہ گھروں کے باہر پڑا کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ متعلقہ سپروائزر اور ذمہ داران دفاتر یا گھروں میں بیٹھ کر سب اچھا کی رپورٹس ارسال کر رہے ہیں جبکہ زمینی حقائق اسکے برعکس ہیں۔حسین آباد اور سید والا کے رہائشیوں نے صفائی کی خراب صورتحال پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد، اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل آباد اور ستھرا پنجاب پروگرام کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے ، عملہ صفائی کی حاضری یقینی بنانے اور علاقوں سے کچرے کے ڈھیر فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں