دو مقامات پر پولیس مقابلے ، 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار

دو مقامات پر پولیس مقابلے ، 2 ملزم زخمی حالت میں گرفتار

منشیات فروش حسنین علی اور 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم پکڑے گئے

چک جھمرہ ،چناب نگر،چنیوٹ(نامہ نگاران، ڈسٹرکٹ رپورٹر )تھانہ چک جھمرہ اورچناب نگر کی حدود میں پولیس مقابلے ، دوملزم زخمی حالت میں پکڑے گئے ۔ایس ایچ او چک جھمرہ انسپکٹر رضوان شوکت بھٹی نے اپنی ٹیم اے ایس آئی راشد حمید ودیگر کے ہمراہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری کے لیے ناکہ رکھا تھا کہ 3 موٹرسائیکل سوار ملزموں کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔جس پرپولیس پارٹی نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ رکنے پر ملزم حسنین علی سکنہ غازی آباد گلی نمبر 2 اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا جسے موقع پر گرفتار کر لیا گیاجبکہ ملزم کے ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے ۔ تھانہ چناب نگر کے سب انسپکٹر اورنگزیب نے ٹیم کیساتھ موٹر سائیکل سوار تین ملزموں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی، اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ چناب نگر انسپکٹر سیف اﷲ، ایلیٹ فورس، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے حفاظت خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی، سرچ آپریشن کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ایک ملزم کو موٹر سائیکل سمیت زخمی حالت میں گرفتار کرلیاگیا۔ ملزم مختلف جرائم کے 19 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ پایا گیاجبکہ فرار ملزموں کی تلاش کیلئے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں