سبزی و فروٹ منڈی میں انٹری فیس وصولی، نیلامی پر اظہار تشویش
انٹری فیس وصولی کا فیصلہ فوری واپس لیکرپارکنگ نظام متعارف کرایا جائے :شہری
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )مارکیٹ کمیٹی حکام کی جانب سے سبزی و فروٹ منڈی میں داخل ہونے والوں سے انٹری فیس وصولی کے لیے نیلامی کا عمل شروع کیے جانے پر شہریوں، کسانوں اور آڑھتیوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے ،مجوزہ نظام کے تحت سبزی و فروٹ منڈی میں داخل ہونے والے ہر فرد سے فیس وصول کی جائے گی، خواہ وہ خریداری کے لیے آیا ہو یا اپنی اجناس فروخت کرنے کے لیے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں پہلے ہی عوام شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں، ایسے میں سبزی و فروٹ منڈی میں داخلے پر اضافی فیس کا نفاذ غریب اور متوسط طبقے کے لیے مزید مشکلات پیدا کرے گا، اگر کوئی شہری صرف ایک یا دو کلو سبزی یا چند کلو پھل خریدنے کے لیے منڈی جائے گا تو اسے بھی انٹری فیس ادا کرنا پڑے گی، جو سراسر عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے ،شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انٹری فیس وصولی کا بوجھ بالآخر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں صارفین پر منتقل ہو جائے گا، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا، کسان تنظیموں کا کہنا ہے کہ کاشتکار پہلے ہی زرعی مداخل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں، بجلی، ڈیزل اور کھاد کے اخراجات سے پریشان ہیں، ایسے میں منڈی میں اپنی پیداوار لانے پر اضافی فیس کا نفاذ ان کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گا، انجمن آڑھتیاں سبزی و فروٹ منڈی کے صدر چوہدری افتخار کسانہ نے مجوزہ انٹری فیس کے نظام پر شدید ردعمل دیتے کہا عوام اور کسانوں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنا کسی صورت مناسب نہیں۔ افتخار کسانہ اور شہریوں نے حکومت ، ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں انٹری فیس وصولی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور اسکی جگہ پارکنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے تاکہ عوام، کاشتکاروں اور بیوپاریوں کو بلاوجہ مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔