تحفظ عقیدہ ختم نبوت کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی ضروری :علما
قادیانیوں اور گمراہ کن طاقتوں کو راہ مستقیم پر لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے :خطاب
چناب نگر(نامہ نگار)اسلام او روطن عزیز کیخلاف ہر محاذ پر ہر سازش کا مقابلہ کریں گے ،عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کی ضرورت ہے ،توہین رسالت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہے ، عالمی و ملکی سطح پر قادیانیوں کا علمی اور آئینی تعاقب جاری رکھیں گے قادیانیوں اور گمراہ کن طاقتوں کو راہ مستقیم پر لانے کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار ختم نبوت اسلامک سنٹرچناب نگر میں منعقدہ اجلاس سے علما کرام نے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔رہنماؤں نے کہا کہ قادیانیوں سے متعلق قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے قادیانیوں کو اسلام اور اسلامی اصلاحات استعمال کرنے سے قانوناً باز رکھا جائے اور انہیں عملی طور پر ایک غیر مسلم اقلیت کے دائرے میں پابند کیا جائے قادیانیوں کو تمام کلیدی حکومتی آسامیوں سے الگ کیا جائے قادیانیوں کو امتناع قادیانیت آرڈیننس اور آئین پاکستان کا پابند بنایا جائے ،انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور وطن کیلئے پوری قوم متحد ہے ، دین اسلام اور وطن کے خلاف ہر سازش کا ہر محاذ پر قوم مقابلہ کرے گی،پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر سازشیں ہورہی ہیں لیکن علماء اور عوام کی ایسی سازشوں پر نظرہے اور قوم میں مکمل وحدت ہے ، ان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان میں موجود اسلامی دفعات اور تعزیرات پاکستان کو تبدیل کرنے کیلئے بیرونی طاقتیں مسلسل اپنا دباؤ بڑھا نے کی کوششیں کررہی ہیں،ہم کسی صورت آئین اور قانون میں ختم نبوت اور قانون توہین رسالت سمیت اسلامی دفعات کو تبدیل نہیں ہونے دیں گے ، ختم نبوت اسلام کی بنیاد ہے اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ صحابہ کرام کی سنت ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ عقیدہ ختم نبوت امت کا اجماعی عقیدہ ہے ۔