ناقص سیوریج سسٹم، جھنگ روڈ پر پانی جمع، شہریوں کا احتجاج

 ناقص سیوریج سسٹم، جھنگ روڈ پر پانی جمع، شہریوں کا احتجاج

ساتواں میل مین بازار میں سیوریج بند ہونے سے کاروبار متاثر ،نوٹس کا مطالبہ

پینسرہ (نمائندہ دنیا)ساتواں میل مین بازار میں نکاسی آب کا نظام بند ہونے کے باعث مین شاہراہ جھنگ روڈ اور بازار کا ایک کلومیٹر سے زائد حصہ سیوریج کے پانی میں ڈوب گیا، شہریوں، تاجروں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ،سراپا احتجاج بن گئے ۔درجنوں اضلاع کو فیصل آباد سے ملانے والی اہم شاہراہ، جس کی حال ہی میں تعمیر کی گئی تھی، پانی جمع ہونے کے باعث ٹریفک کے لیے مشکلات کا سبب بن گئی ہے ۔ اہلِ علاقہ کے مطابق سیوریج لائنوں اور نکاسی آب کے راستوں کی بندش کے باعث گندا اور بارشی پانی سڑکوں پر جمع ہو گیا ہے ۔پانی کھڑا ہونے سے موٹر سائیکل سواروں، رکشہ ڈرائیوروں، طلبہ اور پیدل چلنے والوں کو آمد و رفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے جبکہ بازار میں کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ جمع شدہ پانی مین شاہراہ جھنگ روڈ سے قریبی گھروں میں بھی داخل ہو رہا ہے جس سے مکینوں کو مالی نقصان اور شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔ اہلِ علاقہ نے بتایا کہ تعفن اور بیماریوں کے پھیلنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں جبکہ سکول جانے والے بچوں، خواتین اور بزرگ افراد کو روزانہ مشکلات کا سامنا ہے ،صورتحال پر شہریوں نے متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سیوریج لائنوں کی صفائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کئے جائیں، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں