حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت امت کیلئے مشعل راہ ، سنی تحریک

حضرت عثمان غنیؓ کی سیرت امت کیلئے مشعل راہ ، سنی تحریک

ذوالنورینؓ کی حیا، سخاوت اور صبر و استقامت تاریخ اسلام کا روشن باب قرآن کریم کی تدوین و حفاظت عظیم ترین کارنامہ ہے ، ثروت اعجاز قادری

کراچی (این این آئی)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے یوم شہادت تیسرے خلیفہ راشد،داماد رسول ؐ،امیرالمومنین حضرت سیدنا ابو عبداللہ عثمان بن عفان رضی اللہ تعالی عنہ کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حضرت عثمان غنیؓ کی مبارک زندگی اسلام کی سربلندی،قرآن کریم کی خدمت،امت مسلمہ کے اتحاد،حیا، سخاوت اور صبر و استقامت کا درخشاں باب ہے ۔آپ کی سیرت طیبہ ہر دور کے مسلمانوں کے لیے مشعل راہ اور کامیاب زندگی کا بہترین نمونہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کو اللہ تعالی نے بے شمار فضائل و مناقب سے نوازا۔آپ کو بارگاہ رسالتؐ سے ذوالنورین کا منفرد اعزاز حاصل ہوا اور آپ نے اپنی پوری زندگی دین اسلام کی خدمت اور حضور نبی اکرم ؐ کی محبت و اطاعت میں گزاری۔آپ کی حیا، انکساری،بردباری اور سخاوت ایسی صفات ہیں جن کی مثال تاریخ میں کم ہی ملتی ہے ۔آپ نے ہر مشکل وقت میں اسلام اور مسلمانوں کی مالی و اخلاقی مدد کر کے اپنی عظمت کا ثبوت دیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حضرت عثمان غنیؓ کا سب سے بڑا کارنامہ قرآن کریم کی تدوین،حفاظت اور اشاعت ہے ۔آپ نے امت مسلمہ کو اختلافات سے محفوظ رکھنے کے لیے قرآن مجید کو ایک متفقہ رسم الخط پر جمع کروا کر ایسا عظیم کارنامہ انجام دیا جس سے قیامت تک آنے والے مسلمان مستفید ہوتے رہیں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں