ڈپٹی کمشنرٹوبہ کا دورہ کمالیہ ، ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ
عمر عباس میلہ امتحانی مراکز بھی گئے ، اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی ہمراہ تھیں
کمالیہ (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر عباس میلہ نے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی کے ہمراہ کمالیہ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبوں، امتحانی انتظامات اور عوامی فلاحی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا، سابق وفاقی وزیر مملکت میاں اسد الرحمٰن اور دیگر متعلقہ افسران و معززین بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بہلول والا میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیر کیے جانے والے انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک کے منصوبے کا معائنہ کیا اور اردگرد موجود جگہ کو عوامی استعمال کے لیے بہتر بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر 1 کمالیہ میں قائم امتحانی مرکز کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات، سی سی ٹی وی کیمروں کی مانیٹرنگ اور امیدواروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ امتحانات کے شفاف انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ نے شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی اچانک معائنہ کیا۔ انہوں نے ذیشان کالونی میں زیر تعمیر کرکٹ ایرینا، جناح پارک اور اقبال بازار کے دورے کے دوران تعمیراتی کام کے معیار اور رفتار کا تفصیلی جائزہ لیااور متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر بہترین معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں ۔