نادہندہ چنار شوگر ملزکی لائسنس منسوخی کارروائی کا آغاز
ڈپٹی کمشنر کا کسانوں کے واجبات ادا نہ کرنے پر کین کمشنر کو خط ارسال
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )چنار شوگر ملز تاندلیانوالہ کی طرف سے کسانوں کے واجبات ادا نہ کرنے پر لائسنس منسوخی کارروائی کا آغاز، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے کین کمشنر پنجاب کو ارسال خط میں نشاندہی کی ہے کہ چنار شوگر ملز نے تین کرشنگ سیزنز کے دوران گنے کے کاشتکاروں کے واجبات ادا نہیں کیے ۔ معاملے پر ڈی جی انڈسٹریز پنجاب سے چنار شوگر ملز کے لائسنس منسوخی کیلئے قانونی کارروائی کی درخواست کی گئی۔
اس سلسلے میں چارروزقبل یکم جولائی کو ڈی جی انڈسٹریز کے دفتر لاہور میں سماعت ہوئی۔ چنار شوگر ملز انتظامیہ کو ہفتے کی مہلت دی گئی تاکہ وہ گنے کے کاشتکاروں کے تمام واجبات ادا کرے ۔ بصورت دیگر آئندہ سماعت پر شوگر ملز کے لائسنس منسوخی کیلئے قانونی کارروائی کی جائیگی۔ پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کے حقوق کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور انکے واجبات ادائیگی کیلئے تمام قانونی اقدامات کیے جائینگے ۔