ماموں کانجن:مریم نواز ہسپتال میں فنڈز کی شدید قلت
مفت ادویات اور آپریشنز متاثر ہونے کا خدشہ،سی ٹی جی، ایکسرے مشینیں خراب
ماموں کانجن (نمائندہ دنیا)ماموں کانجن کے نواحی علاقے 509 گ ب میں قائم مریم نواز ہسپتال کو بروقت فنڈز کی عدم فراہمی اور انتظامی مشکلات کے باعث مفت ادویات، مفت آپریشن اور دیگر طبی سہولیات کے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہسپتال میں سی ٹی جی، ایکسرے اور جراثیم کش مشینیں عرصہ دراز سے خراب پڑی ہیں، جبکہ جلد کی بیماریوں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی سکن مشین بھی ناکارہ ہو چکی ہے ۔ علاوہ ازیں ہسپتال کے لیے منظور شدہ سولر سسٹم تاحال مکمل نہیں ہو سکا، جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دوران مریضوں اور عملے کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ 60 لاکھ روپے کا فنڈ ایک بند اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے باعث قابلِ استعمال نہیں، جبکہ گزشتہ چار ماہ سے فنڈز بھی بروقت جاری نہیں کیے جا رہے ، جس سے ہسپتال کے امور اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔ترجمان کے مطابق فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث انتظامیہ کو کئی طبی سہولیات اپنے محدود وسائل سے فراہم کرنا پڑ رہی ہیں، جس سے مالی دباؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔اہلِ علاقہ اور عوامی نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، سیکرٹری صحت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ فیصل آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال کو فوری فنڈز جاری کیے جائیں، خراب طبی آلات کی مرمت یا تبدیلی اور سولر سسٹم کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب مریضوں کو مفت علاج اور دیگر طبی سہولیات کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے ۔