ایل پی جی کی قیمتوں میں حکومتی کمی کا ریلیف عوام تک نہ پہنچ سکا
بیشتر دکاندار اور گیس پلانٹس من مانے دام وصول کر رہے ہیں، لو گوں کو مشکلات
چناب نگر (نامہ نگار)حکومت کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود چناب نگر اور گردونواح میں شہری اس ریلیف سے محروم ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ کم ہونے کے باوجود بیشتر دکاندار اور گیس پلانٹس من مانے دام وصول کر رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق کئی مقامات پر ایل پی جی 450 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے ، حالانکہ سرکاری ریٹ اس سے کم ہے ، جس کے باعث گھریلو صارفین شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومتی سطح پر قیمتیں کم کی گئی ہیں تو اس کا فائدہ عام صارف تک پہنچنا چاہیے ، مگر موجودہ صورتحال میں اس سے صرف گیس پلانٹس اور ناجائز منافع خور دکاندار ہی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، سول ڈیفنس اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر ایل پی جی کی فروخت یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے ، ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کی مؤثر نگرانی کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ حکومتی ریلیف حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکے ۔