بلوچستان میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس

بلوچستان میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر اظہارِ افسوس

پاک فوج ،پولیس کے اہلکار امن کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں:علامہ عبدالرشید

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ناظمِ اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان، علامہ عبدالرشید حجازی اور خالد محمود اعظم آبادی نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں 9 پولیس اہلکاروں کی شہادت اور گزشتہ روز لاپتہ ہونیوالے 19پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے پوری قوم کو سوگوار کر دیا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں طویل عرصے سے دہشت گردی کے واقعات جاری ہیں، جبکہ پاک فوج اور پولیس کے اہلکار ملک کے دفاع اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی ادارے عزم و حوصلے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں اور اپنی قربانیوں سے ملکی سلامتی اور دفاع کو مضبوط بنا رہے ہیں۔علامہ عبدالرشید حجازی نے شہداء کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے حکومت اور سکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے ملک میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں