منشیات روک تھام کیلئے موٹروے پولیس بیٹ میں آگاہی لیکچر

منشیات روک تھام کیلئے موٹروے پولیس بیٹ میں آگاہی لیکچر

اینٹی نارکوٹکس فورس کے افسروں کی مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ و تفتیش پر بریفنگ

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) منشیات کی روک تھام اور قومی شاہراہوں پر اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (CNF) ملتان ڈویژن کی جانب سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس بیٹ 18 خانیوال میں خصوصی آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا گیا۔تفصیل کے مطابق ڈائریکٹر کاؤنٹر نارکوٹکس فورس ملتان ڈویژن کرنل راجہ وقار اعظم نے موٹروے پولیس بیٹ 18 خانیوال میں افسران و جوانوں کو مشتبہ گاڑیوں کی چیکنگ، منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور اداروں کے درمیان تعاون کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ایس پی کاشف رحیم بھٹہ اور ڈی ایس پی بیٹ 18 خانیوال راؤ محمد اقبال بھی موجود تھے ، جبکہ بیٹ 17 میاں چنوں اور بیٹ 18 خانیوال کے افسران و جوانوں نے شرکت کی۔کرنل راجہ وقار اعظم نے شرکاء کو منشیات اسمگلنگ کے جدید طریقہ کار، مشتبہ گاڑیوں کی شناخت، مؤثر تلاشی، بروقت انٹیلی جنس معلومات کے استعمال اور قانونی تقاضوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر منشیات کی ترسیل روکنے کے لیے تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور معلومات کا بروقت تبادلہ ضروری ہے ۔لیکچر کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی ہوئی، جس میں افسران و جوانوں کو پیشہ ورانہ امور پر رہنمائی دی گئی۔ شرکاء نے تربیتی سیشن کو مفید قرار دیتے ہوئے منشیات کے خاتمے کے لیے مزید مؤثر کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں