محرم الحرام میں قیامِ امن ،افسران اور امن کمیٹی کیلئے ایوارڈ
ضلعی امن کمیٹی کے رکن پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری کو بھی امن ایوارڈ دیا گیا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) تنویر حسین نے پولیس لائنز میں منعقدہ تقریب کے دوران پولیس افسران اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان کو امن ایوارڈز سے نوازا۔اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) اور ضلعی امن کمیٹی کے رکن پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری کو بھی امن ایوارڈ دیا گیا۔ اس اعزاز کی خوشی میں پاکستان سنی تحریک کے ڈویژنل دفتر میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کی۔تقریب میں ڈویژنل صدر مولانا بہادر علی رضوی، مولانا عادل رضا قادری، میاں فیاض قادری، ریاست نوشاہی، مرزا علی حاکم، رانا انعام اللہ، میاں عادل قادری، عابد شاہ، محمد رمضان قادری، میاں شمس اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔اپنے خطاب میں پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا کہ قیامِ امن، بین المسالک ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ میں علماء و مشائخ کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کے مؤثر انتظامات پر کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او تنویر حسین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈویژنل صدر مولانا بہادر علی رضوی نے کہا کہ پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے اتحادِ امت، قیامِ امن اور معاشرے سے نفرتوں کے خاتمے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں، جو سنی تحریک کے کارکنان کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملک کی ترقی، سلامتی، استحکام اور معاشی مشکلات کے خاتمے کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments