غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے اٹھارہ ہزاری کے شہری شدید پریشان
شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ، شکایات پر کام نہیں ہوتا
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا)شدید گرمی اور حبس کے دوران تحصیل اٹھارہ ہزاری میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ۔ دن اور رات بجلی کی بار بار بندش سے معمولاتِ زندگی، کاروبار اور گھریلو نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے ، جبکہ متعدد ٹرانسفارمر جل جانے کے باوجود انہیں بروقت تبدیل نہیں کیا جا رہا۔ کم وولٹیج کے باعث پنکھے ، اے سی اور فریج بھی مناسب انداز میں کام نہیں کر رہے ، جبکہ متعدد شکایات کے باوجود فیسکو عملہ مؤثر کارروائی نہیں کر رہا۔مقامی افراد کے مطابق بجلی کی بار بار بندش اور وولٹیج کے اتار چڑھاؤ سے اے سی، فریج، ٹی وی، لیپ ٹاپ، موٹرز اور دیگر برقی آلات جلنے کے باعث شہریوں کو لاکھوں روپے کا مالی نقصان برداشت کرنا پڑا ہے ۔تاجروں کا کہنا ہے کہ طویل لوڈشیڈنگ سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، دکانیں اور ورکشاپیں بند رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ طلبہ آن لائن کلاسز اور امتحانات کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے شکایت کی کہ شدید گرمی میں بچے اور بزرگ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں، رات کے اوقات میں بجلی کی بندش سے آرام کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔، جبکہ فیسکو حکام سے رابطہ کرنے کی کوشش بھی اکثر بے سود ثابت ہوتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments