مکوانہ :گورنمنٹ مڈل گرلز سکول کو ہائی درجہ دینے کا مطالبہ
علاقے میں گرلز ہائی سکول نہ ہونے کے بچیوں کو مشکلات کا سامنا رہتا ہے
مکوآنہ (نمائندہ دنیا)مکوآنہ کے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ گورنمنٹ مڈل گرلز سکول مکوآنہ کو فوری طور پر ہائی سکول کا درجہ دیا جائے تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات میسر آ سکیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مکوآنہ میں سرکاری گرلز ہائی سکول نہ ہونے کے باعث طالبات کو مزید تعلیم کے لیے دور دراز علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے ، جس سے انہیں سفری مشکلات اور دیگر مسائل کا سامنا رہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مکوآنہ آبادی کے لحاظ سے ایک بڑے شہری مرکز کی حیثیت رکھتا ہے ، اسی بنا پر اسے ٹاؤن میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا گیا اور یہ چار یونین کونسلوں پر مشتمل علاقہ ہے ۔ اتنی بڑی آبادی کے باوجود بچیوں کی تعلیم کے لیے سرکاری ہائی سکول کا نہ ہونا تشویشناک ہے ۔شہریوں کے مطابق گورنمنٹ مڈل گرلز سکول مکوآنہ ہر لحاظ سے ہائی سکول کا درجہ حاصل کرنے کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط پر پورا اترتا ہے ، جبکہ اس سلسلے میں متعلقہ فائل بھی محکمہ تعلیم میں زیر غور ہے ۔اہلِ علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب اور صوبائی وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے سکول کو جلد از جلد ہائی سکول کا درجہ دیا جائے تاکہ علاقے کی طالبات کو معیاری اور آسان تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments