ایم ڈی کیٹ 16 اگست کو ہوگا، امتحانی انتظامات کا جائزہ اجلاس
طالبات کے لیے جی سی یونیورسٹی، طلبہ کیلئے ڈویژنل پبلک سکول امتحانی مرکز مقرر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی کی زیر صدارت میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج داخلہ ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) 2026ء کے انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، جی سی یونیورسٹی، ریسکیو 1122، ڈائریکٹوریٹ آف کالجز، سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسر موجود تھے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم ڈی کیٹ کا امتحان 16 اگست 2026ء کو منعقد ہوگا۔امتحانی انتظامات کے مطابق طالبات کے لیے جی سی یونیورسٹی جبکہ طلبہ کے لیے ڈویژنل پبلک سکول (ڈی پی ایس) کو امتحانی مرکز مقرر کیا گیا ہے ۔ امتحان میں مجموعی طور پر 5 ہزار 252 امیدوار شرکت کریں گے ، جن میں 3 ہزار 834 طالبات اور ایک ہزار 418 طلبہ شامل ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انور علی نے ہدایت کی کہ امتحان کے روز امیدواروں کے والدین کے لیے پینے کے صاف پانی، پنکھوں، سایہ دار مقامات اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ پولیس کو امتحانی مراکز کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دینے اور داخلی و خارجی راستوں پر سخت نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments