کروڑوں روپے کا نکاسی آب منصوبہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار
ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث نالہ معمولی دباؤ بھی برداشت نہ کر سکا
ٹھیکریوالا (نمائندہ دنیا )چک 66 ج۔ب دھاندرہ کی مرکزی کارپٹ سڑک کے ساتھ حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا نکاسی آب کا نالہ تکمیل کے چند ماہ بعد ہی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا۔ متعدد مقامات پر نالے کی دیواریں گرنے جبکہ کئی جگہ تعمیر ادھوری چھوڑے جانے پر منصوبے کے معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث نالہ معمولی دباؤ بھی برداشت نہ کر سکا، جبکہ کئی مقامات پر پلیاں بھی تعمیر نہیں کی گئیں۔اہل علاقہ نے منصوبے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات، استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار کی جانچ، متعلقہ ٹھیکیدار اور نگرانی کرنے والے افسران کے احتساب کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور منصوبے کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments