دھمکانے کی بجائے حقائق سے جواب دیاجائے :محبوب الزماں
سینئرصحافی کوایم ڈی ستھرا پنجاب کی دھمکیاں آزادی صحافت پر حملہ ہے
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی کے رہنماؤں پروفیسرمحبوب الزماں بٹ،چوہدری سلیم،میاں طاہرایوب،انوارالحق ایڈووکیٹ نے سینئرصحافی خرم شہزاد کو ستھرا پنجاب کے ایم ڈی کی طرف مبینہ طورپر دھمکیاں دیئے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادی صحافت پر حملہ قراردیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ صحافیوں کو سچ سامنے لانے سے روکنے کے لیے دھمکانا یا دباؤ ڈالنا کسی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔ اس واقعہ کی فوری، شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں۔ خرم شہزاد فیصل آباد میں نیک نام، دیانت دار اور باصلاحیت صحافی کے طور پر اپنی شناخت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عوامی مسائل اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے ہمیشہ اپنی صحافتی ذمہ داریاں ادا کی ہیں۔ سرکاری عہدہ کسی شخص کو یہ حق نہیں دیتا کہ وہ اپنی کارکردگی پر سوال اٹھانے والے صحافی کو دھمکائے ۔ صحافیوں کو دھمکانے کی بجائے سامنے آنے والے الزامات کا جواب دستاویزات اور حقائق کے ذریعے دینا چاہیے ۔ صحافیوں کو دھمکیوں، دباؤ اور انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنانا دراصل عوام کے حق معلومات پر حملہ ہے ۔آج اگر ایک صحافی کو خاموش کرانے کی کوشش کامیاب ہوگئی تو کل ہر وہ آواز دبائی جا سکتی ہے جو سرکاری اداروں میں بدعنوانی، نااہلی اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کرے گی۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ خرم شہزاد کو مبینہ دھمکیوں کا فوری نوٹس لیا جائے ، واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ صحافی برادری کی حق اور سچ کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments