یونین کونسل 168 میں صفائی کا نظام تباہ، جگہ جگہ کوڑا
شدید تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے جبکہ صفائی عملہ فیلڈ سے غائب
پینسرہ (نمائندہ دنیا )یونین کونسل 168، چک نمبر 67 ج ب سدھار میں صفائی کا نظام بدترین صورتحال اختیار کر گیا، مختلف مقامات پر کئی روز سے کوڑے کے ڈھیر پڑے ہونے کے باعث شدید تعفن اور بدبو پھیل رہی ہے جبکہ صفائی عملہ فیلڈ سے غائب دکھائی دیتا ہے ۔ شہریوں نے پنجاب حکومت کے پروگرام ‘‘ستھرا پنجاب’’ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (FWMC) کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔سدھار منڈی روڈ، قبرستان روڈ، دھپ سڑی، داتا نگری، بیس لائن اور گردونواح کے علاقوں میں گلیوں، سڑکوں اور خالی جگہوں پر کوڑے کے انبار لگے ہوئے ہیں۔ پلاسٹک کی تھیلیاں، گھریلو کچرا اور دیگر گندگی جگہ جگہ بکھری ہونے کے باعث شہریوں کیلئے آمدورفت اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار شکایات کے باوجود صفائی کا مؤثر نظام بحال نہیں کیا جا سکا۔ کوڑا اٹھانے کا باقاعدہ شیڈول نظر نہیں آتا، جس کے باعث گندگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور تعفن سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ۔شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، ضلعی انتظامیہ اور فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل 168 میں صفائی کے نظام کی فوری انسپکشن کرائی جائے ، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کا تعین کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments