فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، 530 کلو غیر معیاری گوشت تلف
ٹیموں نے شورکوٹ اور جھنگ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی جھنگ نے مضرِ صحت اور غیر معیاری گوشت کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف کارروائیوں میں 530 کلو گرام غیر معیاری، بدبودار اور بغیر مہر شدہ گوشت برآمد کر کے تلف کر دیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے شورکوٹ اور جھنگ کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ شورکوٹ میں ایک غیر قانونی سلاٹر ہاؤس اور میٹ اسٹور پر چھاپہ مار کر بیمار گائے کا بدبودار گوشت برآمد کیا گیا، جسے موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔اسی طرح سرگودھا روڈ بند بائی پاس جھنگ پر کارروائی کے دوران ایک گاڑی کے ذریعے سپلائی کیا جانے والا غیر معیاری گوشت پکڑ لیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی حکام نے گوشت قبضے میں لینے کے ساتھ متعلقہ گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق تمام کارروائیوں کے دوران ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرا کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments